نیپال،12اکتوبر(ایجنسی) آج پیر کے روز نیپال میں نئے دستور کے نفاذ کے بعد وزیراعظم منتخب ہونے والے وزیراعظم کھڈگا پرشاد اولی نے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اولی کا تعلق نیپال کی متحدہ مارکسسٹ لیننسٹ پارٹی سے ہے۔ کل اتوار کو پارلیمنٹ میں اُنہوں نے سابق وزیراعظم سشیل کوائرالا
کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ سینیئر سیاستدان ہیں اور ملک کے سابق ڈپٹی وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ وہ متحدہ مارکسسٹ لیننسٹ پارٹی کی قیادت بھی کر چکے ہیں ۔ حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے دو نائب وزیراعظم نامزد کیے ہیں۔ اِن میں سے ایک کا تعلق میدانی علاقے میں نئے دستور کے خلاف پرتشدد مظاہرے کرنے والی مادیسی کمیونٹی کی ایک سیاسی پارٹی سے ہے۔